Source: bbc
’ونڈوز 7‘ کا تجرباتی ورژن جاری
’یہ نظام سافٹ ویئر کے بارے میں صارفین کی رائے بدل کر رکھ دے گا‘
مائیکروسافٹ کے کمپیوٹر آپریٹنگ نظام ’ونڈوز‘ کا نیا ورژن ’ونڈوز7‘ تجرباتی مقاصد کے لیے جاری کر دیا گیا ہے۔
بل گیٹس کی جگہ مائیکرو سافٹ کی سربراہی سنبھالنے والے سٹیو بلمار نے لاس ویگاس میں جاری ’ کنزیومر الیکٹرانکس شو‘ کے دوران اپنی تقریر میں اعلان کیا کہ سافٹ ویئر ڈویلپرز کو ’ونڈوز 7‘ کا بیٹا ورژن دیا جا رہا ہے جبکہ نو جنوری سے عوام ونڈوز کے اس نئے ورژن کو اپنے کمپیوٹرز پر ڈاؤن لوڈ کر سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ یہ ’ونڈوز 7‘ کا تجرباتی ورژن ہے تاہم اس میں مکمل آپریٹنگ نظام کی ’تقریباً تمام‘ خصوصیات دی گئی ہیں اور یہ سافٹ ویئر کے بارے میں صارفین کی رائے بدل کر رکھ دے گا۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ مائیکروسافٹ عام صارفین کو محدود تعداد میں ہی ’ونڈوز 7‘ کا بیٹا ورژن فراہم کرے گی۔ اس نظام کو چلانے کے لیے ضروری ہے کہ صارف کے کمپیوٹر کے پراسیسر کی رفتار اور ریم کی استعداد کم از کم ایک گیگا ہرٹز ہو، اس کے کمپیوٹر کی ہارڈ ڈرائیو پر سولہ گیگا بائٹ جگہ موجود ہو، اس میں 128 میگا بائٹ کی ویڈیو میموری ہو اور اس میں ڈی ایکس 9 گرافکس کو دکھانے کی صلاحیت ہو۔
’ونڈوز 7‘ نظام میں ایک ’ہوم گروپ‘ سسٹم بھی موجود ہے جو کہ ویڈیوگیمز کنسولز، پرسنل کمپیوٹرز اور میڈیا سروز کو ایک ’لوکل نیٹ ورک‘ کی شکل دے دیتا ہے اور یہ تمام مشینیں آپس میں میڈیا اور مواد بانٹ سکتی ہیں۔
سٹیو بلمار کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ کمپیوٹر، فون اور ٹی وی آنے دنوں میں اس طرح ساتھ مل کر کام کریں گے کہ یہ ایک ڈیجیٹل’ایکو سسٹم‘ کی شکل اختیار کر لیں گے۔
اسی کانفرنس میں سٹیو بلمار نے یہ بھی اعلان کیا کہ مائیکروسافٹ نے سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ فیس بک سے ایک معاہدہ کیا ہے جس کے تحت ممبران کو ان کے ذاتی صفحہ پر کی جانے والی تبدیلیوں کے بارے میں ان کے ونڈوز لائیو صفحات پر بھی مطلع کیا جائے گا۔
Bookmarks