یو ٹیوب پر روزانہ ایک ارب ہٹس


گوگل نے سنہ 2006 میں
یو ٹیوب کو خریدا تھا

ویڈیو شیئرنگ کی مشہور ویب سائٹ یو ٹیوب کے بانی نے اپنے نئے ویڈیو بلاگ سپاٹ میں دعوٰی کیا ہے کہ اس ویب سائٹ پر روزانہ ایک ارب ہٹس آتی ہیں۔

چیڈ ہرلی نے یہ بلاگ گوگل کی جانب سے یو ٹیوب کی خریداری کے تین برس کی تکمیل پر بنایا ہے۔

یو ٹیوب کی بنیاد چیڈ ہرلی نے جاوید کریم اور سٹیون چین سے مل کر سنہ دو ہزار چار میں رکھی تھی۔ یہ تینوں افراد آن لائن رقوم کی ادائیگی کی سروس پے پال میں ملازم تھے۔ بعد ازاں گوگل نے سنہ 2006 میں یوٹیوب کو ایک ارب پینسٹھ کروڑ ڈالر کے عوض خرید لیا تھا۔

خیال رہے کہ سالِ رواں کے آغاز میں یو ٹیوب کی جانب سے موسیقاروں کو ان کی ویڈیوز دکھانے کے عوض دی جانے والی رائلٹی کی رقم پر تنازعہ کھڑا ہوا تھا جسے چھ ماہ بعد اس وقت حل کر لیا گیا جب گوگل نے رائلٹی جمع کرنے والح برطانوی ادارے سے تصفیہ کر لیا تھا تاہم گوگل کی جانب سے پی آر ایس نامی اس اس ادارے کو دی جانے والی رقم کے بارے میں معلومات عام نہیں کی گئی تھیں۔

اس تصفیے کے بعد ستمبر دو ہزار نو میں یو ٹیوب کے برطانوی صارف ایک مرتبہ پھر ویڈیوز تک رسائی پانے لگے تھے۔